حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین ایم ڈبلیو ایم سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس کی اپیل پر پارہ چنار ضلع کرم کی مخدوش صورتحال کے خلاف ملک بھر میں احتجاج، احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں نکالی گئیں۔
پاکستان بھر کی طرح مجلسِ وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ مرکزی امام بارگاہ جی سکس ٹو کے باہر کیا گیا، مظاہرے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
مظاہرین نے ضلع کرم پارہ چنار کی ستر روز سے سڑکوں کی بندش، ادویات کی کمی سے معصوم بچوں کی جانوں کے ضیاع پر شدید احتجاج کیا۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما ایم ڈبلیو ایم پاکستان انجینئر ظہیر نقوی نے کہا کہ ضلع کرم پارہ چنار کے ستر روز سے بند راستوں کو فی الفور کھولا جائے، پارہ چنار اشیائے خوردونوش اور ادویات کی کمی سے کئی معصوم بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں، سرد ترین علاقے میں ایندھن اور دیگر ضروریات زندگی کا باہم نہ پہنچنا حکومتوں کی ناکامی و بے حسی کا ثبوت ہے، ریاست نے اپنے لاکھوں محب وطن شہریوں کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، حکومت جرگوں پر انحصار نہیں کرتی، بلکہ اس حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹتی ہے۔
صوبائی صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی نے کہا کہ صوبے اور وفاق کی جانب سے برتی گئی مسلسل غفلت اور کوتاہی انسانی المیے کا باعث بن رہی ہے، حکمران ہوش کے ناخن لیں اور علاقے میں امن و امان کے قیام کی ذمہ داری کو پورا کریں، ہم سنگین مشکلات میں گھرے اپنے پارہ چنار کے غیور عوام کو ایک لمحے کے لیے بھی فراموش نہیں کر سکتے، غیر ذمہ دارانہ بیانات کے بجائے عوام کو فوری طور پر ریلیف فراہمی کے عملی اقدامات کئے جائیں۔
دیگر مقررین میں آغا اخلاق حسین، اعوان علی شاہ، مجلس وحدت اسلام آباد کے ضلعی صدر اسداللہ چیمہ شامل تھے۔
آپ کا تبصرہ